لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین کے لیے چیف منسٹر ٹرانسپورٹ پروگرام کا افتتاح کیا، جس کے تحت صوبے کے گرلز کالجز کے لیے 76 بسیں فراہم کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں 19 خواتین کالجز کو بسیں دی گئیں۔ وزیر اعلیٰ نے 19 کالجز کی پرنسپلز کو بسوں کی چابیاں حوالے کیں۔
وزیر اعلیٰ نے بسوں کا معائنہ کیا اور گرلز کالجز کے لیے ایئر کنڈیشنڈ گاڑیاں فراہم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔
پنجاب ہائر ایجوکیشن سیکریٹری ڈاکٹر فرخ نوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین مراحل میں 76 کالجز کو بسیں فراہم کی جائیں گی۔
پہلے مرحلے میں 19 تحصیلوں کے ان خواتین کالجز کو بسیں دی گئی ہیں جنہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر نہیں تھی، جن میں بھکر، سیالکوٹ، چنیوٹ، کمالیہ، حاصل پور، ملکوال، فیروز والا، شورکوٹ، جتوئی، فتح جنگ، حسن ابدال، کوٹ مومن، جلالپور پیر والا، کلر سیداں، پنڈی گھیپ، منچن آباد اور شرق پور شامل ہیں۔
دوسرے مرحلے میں نوشہرہ ورکاں، دینہ، یزمان، پنڈی بھٹیاں، لالیان، بھوانہ، کوٹ ادو، ٹیکسلا، سرائے عالمگیر اور پیلان کے گرلز کالجز کو بسیں فراہم کی جائیں گی۔ علامہ اقبال ٹاؤن لاہور، عیسیٰ خیل، رائیونڈ اور سوہاوہ کے گرلز کالجز کو بھی فروری 2025 تک بسیں مل جائیں گی۔ اپریل 2025 تک مزید 35 تحصیلوں کو بسیں اور 32 کوچز فراہم کی جائیں گی۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتگال کے سفیر سے ملاقات کے دوران متعلقہ حکام کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مراعاتی پیکج کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کی ہدایت دی۔
مزیدپڑھیں :آصف زرداری، نواز شریف اور فضل الرحمان کی ملاقات،اندرونی کہانی سامنے آگئی


