راولپنڈی: جڑواں شہروں میں سیاسی جماعت کے احتجاج اور کشیدہ صورتحال کے پیش نظر کل شہر میں سکول بند رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے اس فیصلے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق راولپنڈی کے تمام تعلیمی ادارے بدھ 27 نومبر کو بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے بتایا کہ یہ فیصلہ امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے سکولوں کی بندش کا مقصد شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور احتجاج یا کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے مزید انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہر میں امن و سکون برقرار رکھا جا سکے۔ والدین اور شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

