Search
Close this search box.
اتوار ,12 جولائی ,2026ء

کے الیکٹرک نے KHI ایوارڈز 2025 متعارف کرادیا

کراچی(نیوز ڈیسک)کے۔ الیکٹرک نے KHI ایوارڈز 2025 کے چوتھے ایڈیشن کو باقاعدہ متعارف کرادیا ہے، جس کے لیے درخواستیں یکم دسمبر 2024 سے جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد ادارہ جاتی سطح پر فلاحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنا اور فروغ دینا ہے۔ ایوارڈز کے لیے غیرمنافع بخش تنظیمیں، سماجی ادارے، اور وہ ادارے درخواست دے سکتے ہیں جو کراچی، دھابیجی، گھارو (سندھ) اور اوتھل، ویندر، بیلہ (بلوچستان) میں سماجی اور ماحولیاتی اثرات کے منصوبے یا خدمات فراہم کررہے ہیں۔

کے ایچ آئی ایوارڈز 2021 سے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں، جو مختلف شعبوں میں تعاون کو مستحکم بنانے اور ایک مضبوط ومتحد کمیونٹی کی تشکیل کے لیے کے۔ الیکٹرک کے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اب تک منعقدہ تین کے ایچ آئی ایوارڈز میں 110 ملین بجلی کے ری بیٹس تقسیم کیے گئے۔ مزید برآں ایک آزاد اور آڈٹ شدہ عمل کے ذریعے اب تک 108 اداروں کو ایوارڈز دیے گئے ہیں، جنہوں نے مختلف شعبوں میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ات مرتب کیے ہیں۔

ایوارڈز 14 کیٹیگریز میں دیے جائیں گے، جن میں حفظان صحت، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے، تحفظ، پائیداری اور کمیونیٹیز کے فلاح و بہبود کے دیگر شعبے شامل ہیں۔ گزشتہ سال پاکستان کی واحد نجی یوٹیلیٹی کمپنی نے تیسرے ایڈیشن میں 150 سے زائد درخواستیں وصول کیں، جو اس پلیٹ فارم کی قابلِ اعتبار حیثیت کی عکاس ہے۔

کے۔ الیکٹرک ورثہ اور ثقافت، ڈیجیٹل رسائی، مالیاتی شمولیت، کمیونیٹیز کی فلاح و بہبود اور توانائی کے شعبے کے علاوہ دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور اُن کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ کے۔ الیکٹرک کا مقصد کراچی کی مختلف کمیونیٹیز کی مدد، حمایت اور خیال رکھنے کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے وہ اُن اداروں کی خدمات کو اجاگر کرنا چاہتا ہے، جو زندگیوں کو بہتر بنانے اور ایک مستحکم شہر کی تعمیر کے لیے انتھک کام کررہے ہیں۔

رواں سال ایوارڈز کا عنوان ”روشن ماحول کے لیے خدمت کا جذبہ“ ہے، جو مشترکہ جدوجہد اور ایک پائیدار، ترقی یافتہ اور خوشحال مستقبل کی تشکیل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ایوارڈز کے لیے درخواست دینے والے ادارے اُن شعبوں کا انتخاب کرسکتے ہیں جو ان کے منصوبوں کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ انتخاب کا عمل شفاف اور غیر جانبدار ہو، ماہرین کی ایک آزاد جیوری باریک بینی سے تمام درخواستوں کا جائزہ لے گی۔

کے ایچ آئی ایوارڈز 2025 میں چھوٹے کمیونٹی گروپس سے لے کر بڑے اداروں تک سب کو مدعو کیا گیا ہے، تاکہ وہ ایوارڈز میں شرکت کرکے معاشرے پر اپنے کام کے معنی خیز اثرات کو اجاگر کریں اور اپنی متاثر کن کہانیاں لوگوں کو سنائیں۔ کے ایچ آئی ایوارڈز 2025 میں درخواست دینے سے متعلق تمام معلومات درج ذیل لنک کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں:
https://www.ke.com.pk/sustainability/khiawards/

یہ بھی پڑھیں