Search
Close this search box.
بدھ ,01 جولائی ,2026ء

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر پائپ لائن دوبارہ ٹوٹ گئی، شہر کو پانی کی فراہمی 3 روز کیلئے بند

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 3 کروڑروپے کی لاگت سے چند روز قبل مرمت کی گئی پانی کی لائن دوبارہ ٹوٹ گئی جس کے بعد شہر قائد کو دھابیجی سے پانی کی سپلائی 3 روز کے لیے بند کردی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر کی پائپ لائن ٹوٹنے کے باعث شہر کے 60 فیصد علاقے کے لاکھوں شہریوں کو دھابیجی سے پانی کی فراہمی 72 گھنٹے کے لیے بند کردی گئی۔

چیف انجینئر واٹر بورڈ ظفر پلیجو کا کہنا تھا کہ لائن میں معمولی لیکج ہوسکتی ہے تاہم مرمت کےکام کا دورانیہ بتانے میں کچھ وقت لگےگا۔

ترجمان واٹربورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن کا مرمتی کام پیر سے شروع کیا جائے گا جس میں 3 روز لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن بدھ کی شام تک شہر میں پانی کی فراہمی بحال کرنےکےلیےکوشاں ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا کہ کراچی کو مجموعی طور پر 650 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی فراہم کیا جاتا ہے، شہر کو 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 10 مرکزی لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے، ان میں 9 لائنیں 40 سال پرانی ہو چکی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی ایک لائن کو تبدیل کردیا گیا۔

پانی کی فراہمی کی لائن نمبر 5 کو تبدیل کیا گیا تھا، اس کی جگہ ساڑھے 4 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھائی گئی تھی، منصوبے پر 2 اعشاریہ 3 ارب کی لاگت آئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اس سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔
مزیدپڑھیں:حکومتی دعوے دھرے رہ گئے، ملک بھر میں چینی 10 روپے کلو مہنگی ہوگئی

یہ بھی پڑھیں