وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے بینکنگ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کرپٹو کرنسی کو متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے.
انھوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل بینکنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے، اس لیے اسٹیٹ بینک ملک میں کرپٹو کرنسی متعارف کرانے پر کھلے دل سے غور کرے، جبکہ غیر رسمی مارکیٹ میں پہلے سے ہی کرپٹو کرنسی کا استعمال ہورہا ہے.
انھوں نے ڈیجیٹل اثاثوں اور اے آئی کیلیے ایک ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تحت پہلی پاکستان بینکنگ سمٹ 2025 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اگلا مشن مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان پہنچے گا جو ابتدائی 6 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لے گا جبکہ ایک ٹیکنیکل مشن پاکستان پہنچ چکا ہے جس سے لچکدار کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہوگی۔
یہ مشن 3 سے 3 دن پاکستان میں قیام کرے گا، انھوں نے کہا کہ پی آئی اے رواں سال انشاء اللہ پرائیویٹائز ہوجائے گی، وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت جاری اصلاحات پروگرام سے پیچھے نہیں ہٹے گی، ایف بی آر اصلاحات کو اسی جذبے کے ساتھ آگے لے کر جائیں گے.


