وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی قومی مجرم ہیں انہیں ہٹا کر ایماندار قیادت سامنے لائی جائے۔ حالات اب یہ ہو گئے ہیں کہ اپوزیشن خالی کرسیوں کے ساتھ کانفرنس کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے لندن سے ملنے والا چوری کا پیسہ اسی چور کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دیا۔ساری پی ٹی آئی کی ایک ہی اُمید ہے کہ شاید امریکا مائی باپ بن کر نجات دلائے، یہ تو لطیفہ ہے کہ امریکا بانی پی ٹی آئی کو رہائی دلائے گا، پھر بانی پی ٹی آئی رہا ہو کر پاکستان کو امریکا کی غلامی سے رہائی دلائیں گے؟
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ اس قسم کے لطیفے میرا خیال ہے لوگ اب سمجھ چکے ہیں، امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا، پاکستان کا آئین اور قانون کا نظام ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف عدالت نے سزا دی ہے، ان کے چھوٹنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ان کے مقدمے عدالت کے ذریعے ختم ہوں، جس چوری میں وہ پکڑے گئے ہیں، دنیا کی کوئی بھی عدالت چوری کو سفید نہیں کر سکتی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پاکستان کی ترقی کی وجہ سے پریشان ہے۔ پاکستان کو سیاسی نہیں بلکہ معاشی لانگ مارچ کی سخت ضرورت ہے۔
