اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سینیٹ اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا ہے، اور ’پانی چوری نامنظور‘ کے نعرے لگائے گئے ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر وقت نہ دینے پر اپوزیشن اراکین نے شور شرابہ کیا، پیپلزپارٹی سمیت دیگر سینیٹرز اٹھ کر چیئرمین کی ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے شور شرابے کے دوران ہی اپنا خطاب جاری رکھا اور کہاکہ دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے معاملے پر بیٹھ کر بات ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت پر رانا ثنااللہ نے سندھ حکومت سے رابطہ کیا ہے، آج کابینہ کے اراکین سوالوں کے جواب دیں گے۔
اعظم نذیر تارڑ نے درخواست کی کہ پیپلزپارٹی کے سینیٹرز ایوان میں واپس آ جائیں، نعرے بلند کرنے کے بجائے یہاں ایوان میں بات کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ کینالز کا معاملہ آئین و قانون کے مطابق حل کیا جائےگا، کوئی بھی چیز بلڈوز نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں:چیٹ جی پی ٹی نے خاتون کے کمرے کا نقشہ ہی بدل دیا



