مودی سرکار کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش کے معاملے پر پارٹی نے سخت ردعمل دیا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ مودی کی ہندوتوا سرکار اپنی اصل میں بے ہودگی، شر اور سفاکیت کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ جنگی جنون اور فتنہ انگیزی پر آمادہ غاصب سرکار کو حق اور امن کے لیے اٹھنے والی ہر معتبر آواز ناقابلِ برداشت اور اپنے مکروہ عزائم کی راہ میں رکاوٹ نظر آتی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ عمران خان کی اہلِ عالم میں ساکھ اور عالمی امن کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ان کا کردار بھارت کی متعصب اور شریر سرکار کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ پلوامہ کے بعد عمران خان کے مودی کو سکھائے گئے سبق کی بازگشت ہند کے ایوانوں میں ہمیشہ گونجتی رہے گی اور مودی کو کسی ایڈونچر سے باز رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔
بھارتی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عمران خان ناحق قید کے بجائے منصبِ قیادت پر ہوتے تو مودی کو زبانی بڑھکیں ہانکنے اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے خواب دیکھنے کی بھی جرأت نہ ہوتی۔ہندوستان میں عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ کی بندش سے مودی سرکار کا بدنما چہرہ چھپ سکے گا اور نہ ہند سرکار اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کی آسودگی کا کچھ سامان پا سکے گی۔

