Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

حج 2027 کی رجسٹریشن میں ریکارڈ اضافہ، 3 روز میں 80 ہزار سے زائد درخواستیں

اسلام آباد: حج 2027 رجسٹریشن کے عمل میں غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے اور صرف تین دن کے دوران 80 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن اندراج مکمل کر لیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے تحت جاری رجسٹریشن مہم میں ملک بھر سے شہری بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکام کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ جدید حج مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے گھر بیٹھے رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری ہے۔ ابتدائی تین دنوں کے دوران رجسٹرڈ عازمین کی تعداد 80 ہزار سے تجاوز کر گئی، جن میں 47 ہزار مرد اور 33 ہزار خواتین شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ رجسٹریشن کراچی سے سامنے آئی ہے، جبکہ لاہور دوسرے اور اسلام آباد تیسرے نمبر پر رہا۔ ماہرین کے مطابق آن لائن سہولت اور آسان طریقہ کار نے شہریوں کو بڑی تعداد میں رجسٹریشن کی جانب راغب کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رجسٹرڈ عازمین کی اکثریت 25 سے 50 سال عمر کے افراد پر مشتمل ہے۔ تعلیمی اعتبار سے بھی مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز، 17 ہزار ماسٹرز، 21 ہزار بیچلرز اور 12 ہزار ایف اے پاس افراد بھی رجسٹرڈ عازمین میں شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حج 2027 رجسٹریشن مہم سرکاری تعطیلات کے دوران بھی بلا تعطل جاری رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اندراج مکمل کر سکیں۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی معاونت سے آئندہ حج آپریشن مکمل طور پر پیپر لیس اور ڈیجیٹل نظام کے تحت چلایا جائے گا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حج اخراجات، کوٹہ اور دیگر اہم تفصیلات دوسرے مرحلے میں جاری کی جائیں گی، جبکہ اس وقت صرف لازمی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ آئندہ مراحل میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں