کراچی(نیوز ڈیسک)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت آرٹس ریگولر گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں آئی ڈی اے آر آئی ای یو ہائیر سیکنڈری اسکول فار بلائنڈ اینڈ ڈیف کے طالبعلم ہنس راج ولد مکیش کمار رول نمبر 938852 نے ٹوٹل 1100میں سے 953 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اقراء حفاظ گرلز سائنس کالج بلاک بی نارتھ ناظم آباد کی طالبہ انشراح بنت محمد امین رول نمبر 950006 نے 936 اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ اسی کالج کی طالبہ سیدہ خضرا امیر بنت سید رزاق امیر رول نمبر 950012 نے 934 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آرٹس ریگولر گروپ کے امتحانات میں 10ہزار 55امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی، 9ہزار 488 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 3ہزار 876امیدوار کامیاب قرار پائے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کامیابی کا تناسب 40.85 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 20 امیدوار اے ون گریڈ، 236 اے گریڈ، 793 بی گریڈ، 1353 سی گریڈ، 1328 ڈی گریڈ اور 146 ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے جبکہ 2 امیدوار پاس ہوئے۔
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ
www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ امیدوا ر اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر بی آئی ای کے کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

