اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں صارفین سے اگست کے بجلی بلوں کی وصولی روک دی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف سے متعلق گفتگو کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے بجلی بلوں سے متعلق تفصیلی پیکیج کا اعلان کیا جائے گا، آئی ایم ایف سے معاملات طے پانے کے بعد پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جن متاثرہ صارفین سے اگست کا بل وصول کیا جاچکا وہ آئندہ ماہ ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، مشکل وقت میں عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو و بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی ادارے کوشش کررہے ہیں، سیلاب متاثرین کی گھر واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں اگست کے بجلی بل معاف کردیے گئے ہیں، بجلی بلوں کی مد میں جمع شدہ رقوم واپس ہوں گی، پاور ڈویژن فیصلے پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے گا۔
مزیدپڑھیں:بی وائی ڈی کا اپنے صارفین کے لیے بڑی پیش کش کااعلان



