Search
Close this search box.
اتوار ,05 جولائی ,2026ء

بہت سے لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں،ندیم افضل چن

لاہور (اوصاف نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ بہت سے لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں۔

اےبی این نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہضم نہیں ہو رہا اور بہت سے لوگ اس پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم سیاست کو سیاست کی حد تک ہی رکھا جائے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ جب سیلاب آیا تو پنجاب حکومت نے گندم کا ایک دانہ بھی نہیں سنبھالا اور کسان کا گلا دبانے کے لیے آج پھر گندم پر پابندی لگا دی ہے۔ آپ کسان کی گندم کو کے پی اور بلوچستان کیوں نہیں جانے دے رہے ہیں۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ آئی ایم ایف تو ان کا بہانہ ہے، اصل میں تو کسان کا گلا دبانا تھا۔ یہ برازیل اور یوکرین کے کسانوں کو تو پیسے دے دیں گے، لیکن اپنے کسانوں کو نہیں دیں گے۔ ابھی آپ نے 2 کھرب کی گندم منگوائی، اب پانچ کھرب کی بھی منگوا لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری نے حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ گندم کی قیمت 4 ہزار سے زائد مقرر کریں، لیکن پنجاب حکومت نے گندم کا 2 ہزار روپے کا ریٹ دےکر کسانوں کا معاشی قتل عام کیا ہے۔

ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی پالیسی ہی پارٹی کی پالیسی ہے۔ پنجاب حکومت عام انسان کو روٹی خریدنے کے لیے سبسڈی دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے پیپلز پارٹی قیادت اور پنجاب حکومت کے درمیان لفظی گولہ باری جاری ہے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے تجویز دی تھی کہ سیلاب متاثرین کی مدد بینظر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کی جائے۔ تاہم پنجاب حکومت نے اس تجویز کو مسترد کر دیا، جس کے بعد سے دونوں جماعتوں میں ایک دوسرے پر تنقید کی جا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں‌:اسلام آباد اور راولپنڈی والوں کے لیے خوشخبری، نیا منصوبہ

یہ بھی پڑھیں