Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

پشاور سے اغوا صنم جاوید کا سراغ نہ مل سکا، وزیراعلیٰ کا تحقیقات کا حکم

پشاور(ویب ڈیسک)صوبائی دارالحکومت پشاور سے اغوا صنم جاوید کا سراغ تاحال نہ مل سکا، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کے پشاور سے اغواء کے بعد پی ٹی آئی پنجاب کے رہنماوں کو خیبر پختونخوا میں اپنی نقل و حمل انتہائی کم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کو پیر کی رات اغواء کیا گیا تھا جس کے بعد تاحال ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا، صنم جاوید کو 9مئی سمیت متعدد کیسز میں 5،5سال قید کی سزا ہوچکی ہے، تاہم وہ خیبر پختونخوا میں پناہ لئے ہوئے تھیں، پشاور سے اغوا صنم جاوید کے واقعے کے بعد پی ٹی آئی پنجاب سے آنیوالے تمام رہنماوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی نقل و حمل کم کردیں۔
رہنماوں کو میزبان کے گھروں تک محدود رہنے کی تلقین کی گئی ہے اور غیر ضروری طور پر باہر جانے سے بھی منع کیا گیا ہے، یاد رہے 9مئی سمیت متعدد کیسز میں پنجاب ،اسلام آباد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب پی ٹی آئی رہنماوں کی بڑی تعداد خیبر پختونخوا میں مقیم ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں بیشتر رہنماوں نے پشاور ہائی کورٹ سے راہداری ضمانت بھی حاصل کی ہوئی ہے ۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی پراسرار گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، صنم جاوید کی پراسرار گمشدگی آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ماورائے عدالت کارروائیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔
صوبائی مشیر نے بتایا کہ صنم جاوید پی ٹی آئی کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کا واحد جرم عمران خان کا ساتھ دینا ہے، صنم جاوید پہلے بھی بہت سی مشکلات اور صعوبتیں برداشت کر چکی ہیں۔
مزیدپڑھیں:پیدائش کے وقت بدل جانے والی 2 خواتین کی 35 سال بعد ملاقات

یہ بھی پڑھیں