گوجرانوالہ (اوصاف نیوز) گوجرانوالہ کی معروف ماسٹر سٹی ہاؤسنگ اسکیم کے مالکان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ محکمہ جی ڈی اے (گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محسن علی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق، اسکیم کے ڈویلپر شیخ مقصود اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے ہاؤسنگ اسکیم کے مختلف حصوں میں گندے اور بدبودار سیوریج کے پانی کا اخراج کیا، جو سڑکوں، کھلی جگہوں اور رہائشی پلاٹوں تک پھیل گیا۔ اس صورتحال سے رہائشیوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہوئے اور علاقے میں ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
محکمہ جی ڈی اے کی جانب سے متعدد بار ہدایت دی گئی تھی کہ سیوریج کے نظام کو درست کیا جائے اور آلودگی کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، تاہم انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔متاثرہ رہائشیوں نے مختلف فورمز پر احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ اسکیم کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔جی ڈی اے کی شکایت پر پولیس نے شیخ مقصود اقبال اور دیگر ذمہ داران کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 268، 269، 270، 277، اور 278 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

ان دفعات کا تعلق عوامی صحت کے لیے خطرناک عمل، ماحولیاتی آلودگی اور عوامی تکلیف سے ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ جی ڈی اے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور صفائی کے نظام کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: ’اینج تے اینج ہی سہی‘ خواجہ آصف کا افغانستان کیخلاف دبنگ بیان




