پشاور(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی گئی ، جس کے تحت ڈیجیٹل ادائیگی پر صارف سے اضافی چارجز لینا ممنوع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ڈیجیٹل پیمنٹس ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی، جس کے بعد بل کابینہ کی منظوری کے لیے بھی بھیجا جائے گا۔
اس قانون کے نفاذ سے خیبرپختونخوا ڈیجیٹل معیشت کے لیے قانونی فریم ورک متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔
قانون کے تحت حکومت، کاروبار اور سروس سیکٹرز میں QR کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی لازمی ہوگی اور رجسٹر ہونے والے کاروباروں پر دو سال تک ڈیجیٹل پیمنٹس سے کوئی نیا سیلز ٹیکس نہیں لگے گا۔
ڈیجیٹل ادائیگی پر صارف سے اضافی چارجز لینا ممنوع ہوگا، اور انکار کرنے والا کاروبار قانون کی خلاف ورزی کرے گا۔
ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز سے شفافیت، سہولت اور مالی تحفظ میں اضافہ ہوگا جبکہ صارف اور کاروبار کے ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
عوامی سہولت کے لیے بازاروں میں پبلک وائی فائی اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ تعلیمی نصاب میں ڈیجیٹل خواندگی شامل ہوگی اور آن بورڈنگ کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کے پی ملک میں کیش لیس معیشت کا ماڈل بن کر وفاق اور دیگر صوبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا، اور یہ بل مالی شمولیت، شفافیت اور معیشت کی جدید کاری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
مزیدپڑھیں:ایشیز: ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری، انگلینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں شکست





