شیخوپورہ(اے بی این نیوز) شیخوپورہ کے نواحی علاقے کجر سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان یورپ جانے کی خواہش میں جان کی بازی ہار گئے۔ کاشف جٹ اور افضل جٹ غیر قانونی راستے (ڈنکی) کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوشش میں لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں نوجوان دو ماہ قبل عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، جہاں سے بعد ازاں انہوں نے انسانی اسمگلروں کے ذریعے یورپ جانے کا ارادہ کیا۔ لیبیا سے روانہ ہونے والی کشتی تیز لہروں کے باعث حادثے کا شکار ہوئی، جس میں متعدد افراد کے ساتھ کاشف اور افضل بھی زندگی سے محروم ہوگئے۔
مرحومین کی میتیں جب آبائی گاؤں کجر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔ گھروں میں صفِ ماتم بچھ گئی اور لواحقین غم سے نڈھال ہو گئے۔ جاں بحق کاشف دو جبکہ افضل تین کمسن بچوں کے باپ تھے، جو اب اپنے سہارے سے محروم ہو گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بیروزگاری اور بہتر مستقبل کی خواہش نوجوانوں کو جان خطرے میں ڈالنے پر مجبور کر رہی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے نوجوانوں میں آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔
مزیدپڑھیں:قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ضمنی انتخابات: سیاسی ماحول کشیدہ، فارم 45–47 کے تنازعات دوبارہ جنم لینے کا خدشہ


