Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے منتقل کیا جائے، فیصل کریم کنڈی کامریم نواز سے مطالبہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں اڈیالہ جیل سیاسی تماشہ بن چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں آج دوبارہ مریم نواز سے کہوں گا کہ اس قیدی سے ہماری جان چھڑوائیں اور اسے کسی اور جیل میں منتقل کیا جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے حامی اڈیالہ جیل کے باہر سیاسی ڈرامہ رچاتے ہیں، دن کے وقت یہاں ہنگامہ آرائی کرتے ہیں اور پھر شاپنگ کے لیے اسلام آباد چلے جاتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ جان بوجھ کر اڈیالہ جیل کے باہر خود کو زخمی کروا کر شہداء میں نام لکھوانے کی کوشش کرتے ہیں، جو ایک سنجیدہ معاملے کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ایسی جیل میں منتقل کیا جائے جہاں واقعی یہ معلوم ہو سکے کہ آنے والے لوگ اپنے قائد کے لیے قربانی دینے آئے ہیں یا محض سیاسی نمائش کر رہے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ جیل کے باہر ہونے والی سرگرمیاں نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہیں بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔ ان کے مطابق ریاستی اداروں کو چاہیے کہ اس صورتحال کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ جیلوں کو سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بننے سے روکا جا سکے۔


مزیدپڑھیں:پنجاب میں سرکاری ملازمتوں کے مواقع ،مختلف شعبوں میں آسامیوں کا اعلان

یہ بھی پڑھیں