اسلام آباد (نیوز ڈیسک)انٹیلیجنس اداروں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ کسٹمز نے غیر قانونی وائلڈ لائف اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر نایاب انڈوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے بنکاک جانے والے ایک غیر ملکی، چینی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران نایاب پرندوں کے انڈے برآمد کیے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل کیے جانے والے ان انڈوں کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
کارروائی کے بعد برآمد شدہ نایاب انڈوں کو محفوظ طریقے سے لاہور سفاری زو منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں انڈوں کی دیکھ بھال اور ہیچنگ (انکیوبیشن) کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نایاب نسل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ تحقیقات کے دوران یہ بھی جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اسمگلنگ میں کوئی منظم گروہ ملوث ہے یا نہیں۔
وائلڈ لائف حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ نایاب جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔

