راولپنڈی(نیوز ڈیسک) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشن کے دوران مزید 67 دہشت گرد مارے گئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں گزشتہ چند دنوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 108 ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل پنجگور اور شعبان کے علاقوں میں ہونے والے آپریشنز میں 41 دہشت گرد مارے گئے تھے، جبکہ تازہ کارروائیوں میں مزید ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور تعاقبی آپریشن بدستور جاری ہیں اور دہشت گردوں کے مزید نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 10 پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید بھی ہوئے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
دوسری جانب گوادر میں ایک افسوسناک واقعے میں مسلح دہشت گردوں نے مزدور خاندانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 معصوم شہری جاں بحق ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں 5 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد بلوچستان کے مختلف علاقوں سے روزگار کی تلاش میں گوادر آئے تھے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ گرد و نواح کے علاقوں میں ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
واقعے کے بعد گوادر کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شہریوں نے بے گناہ مزدوروں پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

