اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی دارالحکومت کے مصروف تجارتی مرکز بلیو ایریا میں واقع مرینا ہائٹس میں قائم بینک الفلاح کی برانچ میں مسلح افراد کی جانب سے ڈکیتی کی بڑی واردات سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق چار نامعلوم ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر عملے اور موجود افراد کو یرغمال بنا کر نقد رقم لوٹ لی۔ ذرائع کے مطابق ملزمان واردات کے بعد محض دو سے تین منٹ میں موقع سے فرار ہو گئے۔
بینک اسٹاف کے بیان کے مطابق ملزمان تقریباً 40 لاکھ روپے نقد رقم اپنے ساتھ لے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔




