Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

کاروباری خواتین کیلئے پہلی ڈیجیٹل قرضہ اسکیم کا آغاز

کراچی: خواتین کیلئے ڈیجیٹل قرضہ اسکیم متعارف کرا دی گئی ہے، جسے پاکستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری اور کاروباری ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس نئی سہولت کے ذریعے کاروبار کرنے والی خواتین کو آسان اور تیز رفتار مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے “خودمختار خاتون پروگرام” کے تحت اس ڈیجیٹل قرضہ پروڈکٹ کی منظوری دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو کاروبار کے لیے درکار سرمایہ تک بہتر رسائی دینا اور انہیں مالی طور پر مضبوط بنانا ہے۔

منصوبے کے تحت خواتین کی زیرِ نگرانی چلنے والے مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز کو قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ متعلقہ کمپنی کریڈٹ اسسمنٹ کے نتائج کی بنیاد پر ایک لاکھ روپے سے لے کر 15 لاکھ روپے تک کی فنانسنگ مہیا کرے گی۔

ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ خواتین کاروباری افراد کو روایتی بینکاری پیچیدگیوں سے بچاتے ہوئے ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے مالی سہولت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ اس سے نہ صرف نئے کاروبار شروع کرنے میں مدد ملے گی بلکہ پہلے سے موجود کاروباروں کی توسیع بھی ممکن ہو سکے گی۔

خواتین کیلئے ڈیجیٹل قرضہ اسکیم کو ملک میں خواتین کی اقتصادی شمولیت بڑھانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کیا گیا تو ہزاروں خواتین اپنے کاروبار کو وسعت دینے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب ہو سکیں گی۔

حکومتی اور مالیاتی حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ اقدام خواتین کو خود انحصاری کی جانب گامزن کرنے اور ملکی معیشت میں ان کے کردار کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں