اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز کے مطابق بانی تحریک انصاف کی آنکھ کی صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے جسے طبی ماہرین نے ’’معجزہ‘‘ قرار دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک بڑی جمہوری جماعت ہے اور اس کے کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی معاملے پر غیر ضروری ہلچل پیدا نہیں کی جا رہی اور ہر بات شفاف انداز میں سامنے لائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی چیز کو خفیہ رکھنا شفافیت کے لیے کینسر کے مترادف ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتیں کرا دی جائیں تو تمام معاملات واضح ہو جائیں گے اور ابہام ختم ہو جائے گا۔
سہیل آفریدی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر غیر ضروری تنقید نہ کی جائے کیونکہ وہ بانی کے قریبی ساتھی ہیں۔ بیرسٹر گوہر کے مطابق فیصلوں کا اختیار سہیل آفریدی کے پاس نہیں بلکہ محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے پاس ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اپنے فیصلے مشاورت اور جمہوری طریقہ کار کے تحت کرتی رہے گی۔




