اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان محکمہ موسمیات نے ماہِ رمضان کے لیے موسم کی پیشگوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں رمضان کے ابتدائی 10 دن موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فروری کے بقیہ دنوں میں کسی نمایاں بارش کے سلسلے کی توقع نہیں اور نہ ہی ملک بھر میں اچانک موسمی تبدیلی کا امکان ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کے مطابق اس وقت ملک کے کسی بھی حصے میں کوئی ایسا بارش برسانے والا سسٹم موجود نہیں جو موجودہ موسمی صورتحال میں اچانک تبدیلی لاسکے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت معمول سے پہلے بڑھ سکتی ہے۔ روزہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں احتیاط برتیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مٹھی، ٹھٹھہ اور بدین جیسے علاقوں کے مکین براہِ راست دھوپ سے بچیں۔ تاہم رمضان کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
مزیدپڑھیں:نئے آئی جی آزاد کشمیر لیاقت علی کی سادہ کپڑوں میں کوہالہ آمد، ناکے پر پولیس اہلکار پہچان نہ سکے




