لاہور (نیوز ڈیسک)وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ چینی گروپ پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں دو نئی فیکٹریاں قائم کرے گا، جس سے 21 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چینی قونصل خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے چینی قونصل جنرل سے ملاقات کی اور انہیں تعیناتی پر مبارکباد دی۔
اس ملاقات میں پنجاب میں صنعتی ترقی اور چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کئی بڑے فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں آئی ٹی، الیکٹرک وہیکل (EV) سیکٹر، صنعت اور زراعت میں باہمی اشتراک بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
چوہدری شافع نے چینی حکام کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں موجود عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر نے پنجاب میں جاری چینی کمپنیوں کے اربوں روپے کے منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا اسمارٹ فون کمپنی وی وو پاکستان میں پہلی بار ‘چپ فریم مینوفیکچرنگ’ کا آغاز کرے گی جبکہ زراعت کے فروغ کے لیے ہواوے (Huawei) گروپ کے ساتھ تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیلنج گروپ ٹیکسٹائل سیکٹر میں دو نئی فیکٹریاں قائم کرے گا، جس سے 21 ہزار نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
قائد آباد میں سالٹ رینج کے قریب نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جا رہی ہے، جہاں نمک کی ویلیو ایڈیشن کے لیے فیکٹریاں لگائی جائیں گی۔
چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک (CPEC) دونوں ممالک کے معاشی تعاون کی بہترین مثال ہے۔
انہوں نے چینی شہریوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے پر پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ چین پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں چٹان کی طرح کھڑا ہے۔

