Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

دوحہ پروازیں بحال، پاکستان نے پچیس روز بعد مشرق وسطیٰ فضائی رابطے بحال کر دیے

دوحہ پروازیں بحال

لاہور: دوحہ پروازیں بحال ہونے کے بعد پاکستان نے پچیس دن کے وقفے کے بعد مشرق وسطیٰ کے لیے فضائی آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ یہ تعطل ایران اور امریکہ کے تنازع کے باعث پیدا ہوا تھا۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق دوحہ سے آنے والی پروازیں کراچی اور لاہور پہنچ رہی ہیں، تاہم انہیں فوری طور پر واپس نہیں بھیجا جا رہا بلکہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد روانہ کیا جاتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مشرق وسطیٰ سے آنے والی پروازوں میں مسافروں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ جانے والی پروازیں آدھی گنجائش سے بھی کم پر چل رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار فضائی آپریشن بحال کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے دبئی، ابوظہبی، شارجہ، فجیرہ اور العین سے پروازیں بحال کی جا چکی ہیں جبکہ اب دوحہ کی پروازیں بھی محدود پیمانے پر شروع ہو گئی ہیں۔

حکام کے مطابق بیرون ملک جانے والی پروازوں میں پچاس سے ساٹھ فیصد تک کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کی وجہ سیکیورٹی اقدامات اور احتیاطی تدابیر ہیں۔

اب تک مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں سے اٹھارہ پروازیں پاکستان پہنچ چکی ہیں اور صورتحال بہتر ہونے پر مزید اضافہ متوقع ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی مکمل سہولیات موجود ہیں جبکہ ہنگامی حالات کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور دن میں کئی بار صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال موجود نہیں اور تمام پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں