راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کروادی گئی ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی جیل کے کانفرنس روم میں 35 منٹ ملاقات کروائی گئی ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اہلیہ نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی ٹی آئی نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو علاج کیلیے اڈیالہ جیل سے فوری اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ پارٹی ترجمان نے کہا تھا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی اہلیہ کی بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جیل انتظامیہ ان کو طبی سہولتیں فراہم نہیں کر رہی۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس پر سنگین شکوک و شبہات ہیں لہٰذا ان کو فوری اسپتال منتقل کر کے علاج فراہم کیا جائے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا تھا کہ طبی رپورٹس فوری قوم کے سامنے لائی جائیں، خاتون قیدی کی صحت سے کھیلا جا رہا ہے نقصان کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔
مزیدپڑھیں:پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے یکم اپریل سے کھلیں گے


