پنجاب حکومت نے پنجاب سرکاری ملازمین کیلئے الیکٹرک موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایکسائز محکمہ کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔ اس منصوبے کا مقصد 73 ارب روپے کی ریکوری ہدف کو حاصل کرنے میں مدد دینا ہے۔ حکام کے مطابق اگلے ماہ سے تقسیم کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں تعینات ایکسائز انسپکٹرز کو کارکردگی کی بنیاد پر الیکٹرک دو پہیہ گاڑیاں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے میں مرد اور خواتین دونوں اہلکار شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں 150 الیکٹرک موٹر سائیکلیں تقسیم کی جائیں گی جبکہ خواتین انسپکٹرز کیلئے 50 برقی اسکوٹیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان گاڑیوں کی خریداری کیلئے 5 کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خریداری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور جلد مکمل ہونے کے بعد تقسیم شروع کر دی جائے گی۔
یہ اقدام فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کی نقل و حرکت کو بہتر بنائے گا، جس سے ٹیکس وصولی میں اضافہ متوقع ہے۔
منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر گاڑیاں سرکاری ملکیت رہیں گی، تاہم تین سال بعد یہ ملازمین کو منتقل کر دی جائیں گی، جس کے بعد وہ ان کے مالک بن جائیں گے۔
یہ منصوبہ جدید اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


