لاہور: مشرق وسطیٰ کشیدگی کے باعث پروازیں متاثر ہوئیں اور ہفتہ کے روز پاکستان کے مختلف ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن شدید متاثر رہا۔ اس صورتحال کے باعث درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ فضائی آپریشن کراچی ایئرپورٹ پر رہا، جہاں بڑی تعداد میں پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ملک بھر کے پانچ بڑے ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ جانے اور آنے والی 56 دو طرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔
منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر عربیہ، ایران ایئر اور قطر ایئرویز سمیت مختلف ایئرلائنز شامل ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے تقریباً 20 دو طرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں ابو ظہبی، کویت، جدہ، دمام، شارجہ، مدینہ، مسقط، ریاض، نجف، بحرین اور دبئی کی پروازیں شامل ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی 20 دو طرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، جن میں شارجہ، ابو ظہبی، دبئی، بحرین، ریاض، دمام اور دوحہ کے روٹس شامل ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر مشرق وسطیٰ کے روٹس پر چھ پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں ابو ظہبی اور دبئی شامل ہیں۔
پشاور ایئرپورٹ پر آٹھ دو طرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے دبئی جانے والی دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 35 دنوں میں پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے درمیان منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2,706 تک پہنچ گئی ہے، جو جاری کشیدگی کے اثرات کو ظاہر کرتی ہے۔
دوسری جانب پی آئی اے نے حال ہی میں اسلام آباد سے لندن کے لیے اپنی پروازیں چھ سال بعد دوبارہ شروع کی ہیں، جس سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہو گیا ہے۔


