وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور دہشت گردی کا ڈرامہ رچانے کی کوشش کر سکتا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے شہریوں یا قید پاکستانیوں کی لاشیں استعمال کر کے حالات کو خراب کر سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت رقبے، معیشت اور فوجی طاقت میں بڑا ملک ہے، تاہم پاکستان نے ماضی میں بھرپور جواب دیا ہے جسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ ماضی میں بھی مؤثر کارروائیاں کر چکی ہے اور اگر بھارت نے دوبارہ کوئی اقدام کیا تو پاکستان سخت ردعمل دے گا۔
وزیرِ دفاع کے مطابق پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات حساس مرحلے میں ہیں، اس لیے اس پر تبصرہ مناسب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔




