پنجاب سعودی عرب نوکریوں کے انٹرویوز کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کی جانب سے مریم نواز ہنرمند نوجوان پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ نوکریاں سعودی عرب میں کام کرنے والی معروف بین الاقوامی فاسٹ فوڈ کمپنی میں ٹیم ممبر کے عہدوں کے لیے ہیں۔
انٹرویوز 6 اپریل سے 8 اپریل تک فلیٹیز ہوٹل میں ہوں گے۔ وقت صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ، سی وی اور پاسپورٹ ساتھ لائیں۔
اہلیت کے لیے کم از کم میٹرک تعلیم ضروری ہے جبکہ عمر 21 سے 29 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدواروں کو بنیادی کمپیوٹر مہارتیں اور انگریزی زبان پر عبور بھی ہونا چاہیے۔
تجربہ لازمی نہیں، تاہم جن امیدواروں کے پاس تجربہ ہوگا انہیں ترجیح دی جائے گی۔
منتخب امیدواروں کو اچھی تنخواہ کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جن میں ایک وقت کا کھانا، طبی سہولت، رہائش اور ٹرانسپورٹ الاؤنس شامل ہیں۔
یہ ملازمت دو سال کے معاہدے پر ہوگی جبکہ ماہانہ 26 دن ڈیوٹی اور سالانہ 21 دن چھٹیاں دی جائیں گی۔


