لاہور(ویب ڈیسک)پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث تعلیمی اداروں کو 6 سے 25 اپریل تک بند رکھنے کی زیر گردش خبروں کی اصل حقیقت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کر دی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث صوبے بھر کے تمام اسکول 6 اپریل سے 25 اپریل 2026 تک بند رہیں گے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم کے ترجمان نور الہدیٰ نے ایک جاری کردہ بیان میں واضح کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سکولوں کی بندش کا ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو “من گھڑت اور جعلی” قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری اعلانات پر ہی بھروسہ کریں۔
ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ معلومات اور جعلی خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی افواہیں والدین اور طلبہ میں بے چینی اور کنفیوژن پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
محکمہ تعلیم نے اعادہ کیا ہے کہ تعلیمی کیلنڈر یا سکولوں کے اوقاتِ کار میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی صورت میں باضابطہ اطلاع سرکاری ذرائع اور آفیشل چینلز کے ذریعے دی جائے گی، فی الحال تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
مزیدپڑھیں:پاکستان نے متحدہ عرب امارات کا قرض واپس کرنے کا فیصلہ کرلیا

