اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جدید جنگی جہاز ’پی این ایس خیبر پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرلیا گیا،اس موقع پر امیر البحر نے دشمن کو سخت پیغام دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے جدید جنگی جہاز پی این ایس خیبرکی انڈیکشن تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ جہاز دشمن کی اہم تنصیبات اوربحری اثاثوں کونشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نویداشرف نے پی این ایس خیبر کی انڈکشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک مضبوط، متوازن اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحریہ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے بحری مفادات کو چیلنج کرنے والی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
نیول چیف نے اپنے خطاب میں ’معرکہِ حق‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ایک اہم تاریخی حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا معرکہِ حق کے دوران پاک بحریہ بھارتی طیارہ بردار جہاز کو ڈبونے کے لیے مکمل تیار تھی، جس کے خوف سے بھارتی بحریہ اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں محصور رہنے پر مجبور ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی بحری کارروائیاں دشمن کے لیے ایک واضح پیغام ہیں کہ پاکستان کی سمندری حدود کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ویسا ہی جواب ملے گا۔
امیر البحر کا مزید کہنا تھا کہ پی این ایس خیبر اور مستقبل میں شامل ہونے والی ’ہنگور کلاس‘ آبدوزیں پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں اور اسٹریٹجک پہنچ میں بے پناہ اضافہ کریں گی، پاک بحریہ کو ایسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیا جا رہا ہے جو دشمن کے حساس انفراسٹرکچر اور بحری اثاثوں کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور عالمی تجارتی گزرگاہوں پر موجودگی اس بات کی متقاضی ہے کہ ہماری بحریہ انتہائی طاقتور ہو۔
انہوں نے پی این ایس خیبر کے عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ملکی سمندری سرحدوں کی محافظ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہے گی.



