پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے بجلی کی بچت کا فیصلہ کرتے ہوئے کاروباری اوقات کار محدود کر دیے۔
کاروباری اوقات کار کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹس اور پلازے رات 9 بجے جبکہ دیگر اضلاع میں 8 بجے بند ہوں گے، ریسٹورنٹس، کیفے، شادی ہالز اور تمام تقریبات رات 10 بجے تک ختم ہوں گی۔
ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس کو مقررہ وقت کے بعد بھی کام جاری رکھنے کی اجازت ہے۔ نجی دفاتر، اکیڈمیز، بینکس، جیولری شاپس اور فٹنس سینٹرز پر بھی نئے اوقات کار لاگو ہوں گے، صنعتی، مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹ یونٹس کو پابندیوں سے استثنیٰ ہوگا، صنعتوں سے منسلک شو رومز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس مقررہ کاروباری اوقات کے پابند ہوں گے۔
صوبائی حکومت نے غیر ضروری، آرائشی لائٹنگ، فساڈ اور ڈیکوریٹو لائٹس بند رکھنے کی ہدایت کی جبکہ توانائی بچت کیلیے کمرشل سرگرمیوں میں بجلی کے محتاط استعمال پر زور دیا۔
حکومتی احکامات کے تحت غیر ضروری بجلی استعمال محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تمام انتظامی سیکرٹریز اور کمشنرز کو توانائی بچت اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا گیا۔
ڈی سیز کو ضلعی سطح پر مارکیٹس کی نگرانی اور احکامات پر عمل یقینی بنانے کی ذمہ داری دے دی گئی۔
مزیدپڑھیں:محبت میں شادی کا وعدہ پورا نہ ہونا جرم نہیں، انوکھا عدالتی فیصلہ



