ملک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، گھی اور کوکنگ آئل(cooking oil) کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پیداواری لاگت اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باعث گھی اور کوکنگ آئل مزید مہنگے ہوگئے ہیں۔ حالیہ اضافے کے بعد گھی کی قیمت میں 3 روپے فی کلو اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی کلو قیمت 598 روپے تک جا پہنچی ہے۔ اسی طرح کوکنگ آئل 618 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، جو اب تک کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔
دوسری جانب آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ ہفتے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 سے 20 روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ مختلف علاقوں میں آٹا 200 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔
پیٹرول مہنگا کیوں ہوا؟ وزیر پٹرولیم نے وجہ بتا دی
عمدہ معیار کے چاول بھی مہنگے ہونے کے باعث عام صارف کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔


