Search
Close this search box.
پیر ,08 جون ,2026ء

پی ٹی اے نے جعلی کالز اور ای میلز کے ذریعے فراڈ سے متعلق عوام کو خبردار کر دیا

پی ٹی اے جعلی کالز الرٹ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بعض عناصر ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے جعلی کالز، ای میلز اور پیغامات کے ذریعے لوگوں سے حساس معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کبھی بھی فون کال، ایس ایم ایس، ای میل یا سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں سے ذاتی یا خفیہ معلومات طلب نہیں کرتا۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی کو پی ٹی اے کے نام پر مشکوک رابطہ موصول ہو تو فوری طور پر محتاط رہیں اور کسی قسم کی معلومات فراہم نہ کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق دھوکے باز شہریوں سے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، شناختی کارڈ نمبر، پاس ورڈ اور دیگر اہم معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ ایسے جعلی پیغامات میں موجود لنکس پر کلک کرنے سے بینک اکاؤنٹس اور ذاتی ڈیجیٹل معلومات خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

اعلامیے میں عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی اپنے پاس ورڈ، پن کوڈ، او ٹی پی یا بینکاری معلومات کسی کے ساتھ شیئر کریں۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی ایک علیحدہ سائبر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو جعلی ایس ایم ایس موصول ہو رہے ہیں جن میں گاڑی کے کاغذات کی میعاد ختم ہونے کا جھانسہ دے کر مشکوک ویب سائٹس پر بھیجا جا رہا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نامعلوم لنکس، غیر معتبر ایپلیکیشنز اور مشکوک پیغامات سے گریز کریں اور کسی بھی فراڈ کی صورت میں فوری رپورٹ کریں تاکہ سائبر جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں