قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اپنے مسافروں کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی۔ پی آئی اے نئی سہولت کے تحت اب مسافر اپنی ضرورت اور پسند کے مطابق مختلف ٹکٹ پیکجز کا انتخاب کر سکیں گے۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت پاکستان سے متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان کے دارالحکومت باکو جانے والی پروازوں کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں کو زیادہ آسان اور لچکدار سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کیلئے تین مختلف پیکجز پیش کیے گئے ہیں جن میں لائٹ، اسمارٹ اور فریڈم پیکجز شامل ہیں۔ ہر پیکج میں مسافروں کو مختلف سہولیات اور اختیارات فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی ضرورت کے مطابق ٹکٹ خرید سکیں۔
پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے نئی سہولت کے تحت بعض پیکجز میں ٹکٹ تبدیلی، رقم کی واپسی، پسندیدہ سیٹ کے انتخاب اور لائلٹی پوائنٹس جیسی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ اس اقدام سے مسافروں کو بہتر سفری تجربہ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ماہرین کے مطابق عالمی ایئرلائنز کی طرز پر متعارف کرایا گیا یہ نظام پی آئی اے کی سروسز کو جدید بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ مسافروں نے بھی اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

