پاکستان میں ذوالحجہ چاند رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں جاری ہے، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات، سپارکو اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی شریک ہیں تاکہ چاند نظر آنے سے متعلق تمام تکنیکی اور موسمی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاحال چاند نظر آنے کی کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی مختلف علاقوں سے قابل اعتماد شہادتیں موصول ہوں گی، ذوالحجہ چاند رویت کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی کمیٹی ملک بھر کی زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تمام رپورٹس کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سپارکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں، بشرطیکہ موسم صاف اور حد نگاہ بہتر ہو۔

