پاکستان میں ذوالحجہ چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو منانے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور موسمی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندوں کے علاوہ وزارت مذہبی امور، محکمہ موسمیات، سپارکو اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے حکام بھی شریک ہوئے۔ مختلف شہروں سے موصول ہونے والی شہادتوں کی تصدیق کے بعد چاند نظر آنے کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذوالحجہ چاند نظر آگیا ہے اور یکم ذوالحجہ کل بروز پیر ہوگی، جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کی تیاریوں میں تیزی آگئی ہے، جبکہ مویشی منڈیوں، بازاروں اور شاپنگ سینٹرز میں بھی رش بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔
