وفاقی بجٹ 2026-27 سے قبل عوام کیلئے اہم خبر سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کو بی آئی ایس پی رقم میں نمایاں اضافے کی تجویز دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دی جانے والی سہ ماہی رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے آئی ایم ایف مشن اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جن میں سماجی تحفظ کے نظام اور مالی معاونت کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
مذاکرات کے دوران حکام نے آئی ایم ایف وفد کو کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ خاندانوں کے ڈیٹا، سہ ماہی ادائیگیوں اور آئندہ مالی سال کی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے زور دیا ہے کہ آئندہ مالی سال میں بی آئی ایس پی رقم میں اضافہ کیا جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ کم آمدن والے خاندانوں کو مزید ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف مشن کی بی آئی ایس پی اور ایف بی آر حکام کے ساتھ مزید اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، جن میں بجٹ اہداف اور سماجی تحفظ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ تجویز منظور ہوتی ہے تو لاکھوں مستحق خاندانوں کو مالی مشکلات میں کچھ حد تک ریلیف مل سکتا ہے۔
