Search
Close this search box.
پیر ,08 جون ,2026ء

بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، بلوں میں نمایاں کمی کا امکان

بجلی صارفین ریلیف

ملک بھر کے شہریوں کے لیے بجلی صارفین ریلیف سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی ہے، جہاں نیپرا میں ہونے والی حالیہ سماعت کے بعد بجلی کے نرخوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق صارفین کو مجموعی طور پر 63 ارب 94 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف مل سکتا ہے، جس سے مہنگی بجلی کے ستائے عوام کو کچھ سکون ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی 2026 کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ درخواستوں پر سماعت مکمل کر لی ہے۔ اس دوران مختلف ڈسکوز، پیسکو اور میپکو حکام نے بجلی کی پیداواری لاگت اور اخراجات میں کمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

حکام کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران کیپسٹی چارجز میں تقریباً 36 ارب روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشن فیس میں بھی اربوں روپے کی بچت ہوئی۔ اسی بنیاد پر صارفین کو فی یونٹ تقریباً 1 روپے 93 پیسے تک ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

میپکو حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں بجلی کی فروخت میں 10 فیصد اضافہ ہوا جبکہ صنعتی شعبے میں بجلی کے استعمال میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ دوسری جانب پیسکو نے بھی اپنی ایڈجسٹمنٹ درخواست میں اربوں روپے کمی کی سفارش کی۔

سماعت کے دوران صنعتکاروں اور صارفین نے اس ممکنہ بجلی صارفین ریلیف پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی بحران کے باوجود پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند اقدام ہے۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی بجلی پیداوار اور صلاحیت پر بھی سوالات اٹھائے گئے۔ حکام کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً 45 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ استعمال صرف 25 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔ صارفین نے سوال کیا کہ اضافی صلاحیت کے باوجود نئے پاور پلانٹس کیوں لگائے جا رہے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ نظام میں مزید اصلاحات کی جائیں تو نہ صرف بجلی کی قیمتوں کو مستقل بنیادوں پر کم کیا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو طویل مدتی ریلیف بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں