کراچی: کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کے بعد محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل سے 12 جون تک شہر میں گرمی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث شہریوں کو حبس اور گھٹن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 جون سے 12 جون کے دوران گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے اور محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت اصل درجہ حرارت سے 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سمندری ہواؤں کے باوجود نمی کا تناسب 50 فیصد سے کم نہیں ہو رہا جس کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
کراچی میں شدید گرمی کی پیشگوئی کے پیش نظر شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، سر ڈھانپ کر رکھیں اور صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ بحرالکاہل میں ال نینو کی صورتحال بن چکی ہے اور آئندہ دو ہفتوں میں اس کے اثرات مزید واضح ہوسکتے ہیں۔ ال نینو کے باعث پاکستان میں مون سون بارشوں میں کمی جبکہ سندھ میں معمول سے کم بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


