لاہور: پاکستان ریلوے ٹرینیں آؤٹ سورس کرنے کے منصوبے کے تحت مزید 15 مسافر ٹرینوں کو نجی شعبے کے تعاون سے چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
پاکستان ریلوے نے اس حوالے سے باقاعدہ اشتہار جاری کرتے ہوئے 16 جون کو ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں اوپن بولی کے ذریعے ٹرینوں کی نیلامی کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیلامی کے عمل میں حصہ لینے کے لیے متعدد نجی کمپنیوں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔ آؤٹ سورسنگ کے لیے جن ٹرینوں کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، فرید ایکسپریس، بہاؤالدین زکریا ایکسپریس، راوی ایکسپریس، لاثانی ایکسپریس، تھل ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس، سکھر ایکسپریس، نارووال پسنجر، سیالکوٹ ایکسپریس اور فیض احمد فیض پسنجر شامل ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ریلوے ٹرینیں آؤٹ سورس کرنے کا مقصد مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
اس سے قبل بھی بعض ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے اوپن نیلامی کی گئی تھی، تاہم اس عمل میں محدود دلچسپی سامنے آئی تھی۔ چند ٹرینوں کے لیے بولیاں موصول ہوئیں جبکہ کئی ٹرینوں کے لیے کوئی موزوں خریدار سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک نجی کمپنی نے میانوالی ایکسپریس حاصل کرنے کے بعد مختلف انتظامی اور مالی وجوہات کی بنا پر کچھ عرصے بعد ٹرین واپس کر دی تھی۔
پاکستان ریلوے کو امید ہے کہ اس بار نجی شعبے کی زیادہ دلچسپی سامنے آئے گی اور آؤٹ سورسنگ منصوبہ ریلوے آپریشنز کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
