Search
Close this search box.
جمعرات ,11 جون ,2026ء

قومی اقتصادی سروے: سات لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کیلئے بیرون ملک روانہ

اسلام آباد: (رضوان عباسی)سعودی عرب روزگار کے مواقع کے حوالے سے پاکستانیوں کی سب سے پسندیدہ منزل برقرار رہا، جبکہ قومی اقتصادی سروے 2025-26 میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ سال سات لاکھ سے زائد پاکستانی بہتر مستقبل اور ملازمت کے حصول کیلئے بیرون ملک روانہ ہوئے۔

سروے رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر سات لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک میں روزگار کی تلاش میں گئے، جن میں سب سے بڑی تعداد سعودی عرب جانے والوں کی رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق 5 لاکھ 30 ہزار 256 پاکستانی کارکن روزگار کے حصول کیلئے سعودی عرب روانہ ہوئے، جو کل تعداد کا تقریباً 70 فیصد بنتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق قطر دوسرے نمبر پر رہا جہاں 68 ہزار 376 پاکستانی ملازمت کیلئے گئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک میں جاری ترقیاتی منصوبے اور افرادی قوت کی ضرورت پاکستانی کارکنوں کیلئے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ سال 2025 میں 52 ہزار 664 پاکستانی یو اے ای گئے جبکہ 2024 میں یہ تعداد 64 ہزار 130 تھی۔

اسی طرح عمان میں بھی پاکستانی کارکنوں کی روانگی نمایاں حد تک کم ہوئی۔ سروے کے مطابق 2025 میں صرف 9 ہزار 375 پاکستانی عمان گئے جبکہ ایک سال قبل یہ تعداد 81 ہزار 587 تھی۔

برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں بھی کمی سامنے آئی۔ رپورٹ کے مطابق 2025 میں 4 ہزار 355 پاکستانی روزگار کیلئے برطانیہ روانہ ہوئے جبکہ 2024 میں یہ تعداد 13 ہزار 795 تھی۔

اقتصادی سروے کے مطابق سعودی عرب روزگار کے حوالے سے پاکستانی افرادی قوت کی سب سے بڑی بیرونی منڈی کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ دیگر بعض ممالک میں روزگار کے مواقع اور کارکنوں کی طلب میں کمی دیکھی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں بلکہ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں