لاہور: پنجاب بیوروکریسی تقرر و تبادلے کے تحت حکومت پنجاب نے لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں اہم انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے اعلیٰ افسران کے تقرر اور تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ محمد طارق مسعود فاروقہ (پی اے ایس، گریڈ 19) کو ان کے عہدے سے ہٹا کر فوری طور پر ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری (ڈیولپمنٹ) کے فرائض انجام دینے والے احمر سہیل کیفی (پی ایم ایس، گریڈ 19) کو سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ فوری طور پر اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
دوسری جانب سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تقرری کی منتظر مہرین فہیم عباسی (پی اے ایس، گریڈ 18) کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری (ڈیولپمنٹ) مقرر کر دیا گیا ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق مہرین فہیم عباسی کی تعیناتی پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 کے سیکشن 9 کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ تمام تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کے دستخط سے جاری کیا گیا۔
پنجاب بیوروکریسی تقرر و تبادلے کے یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور متعلقہ اداروں کو ان پر عملدرآمد کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے یہ انتظامی تبدیلیاں لوکل گورنمنٹ کے نظام کو مزید فعال، مؤثر اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے کی گئی ہیں تاکہ ترقیاتی اور انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔

