اسلام آباد: ایزی پیسہ سروسز متاثر ہونے کے بعد ملک بھر میں لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ تقریباً 12 گھنٹے گزرنے کے بعد کمپنی نے باضابطہ طور پر سروسز میں تعطل کی تصدیق کر دی۔
ایزی پیسہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض صارفین کو وقفے وقفے سے سروسز میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ کمپنی کے مطابق تکنیکی ٹیمیں مسئلے کے حل اور خدمات کی مکمل بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
دن بھر مختلف شہروں سے صارفین نے لاگ اِن نہ ہونے، فنڈز کی منتقلی میں مشکلات، بل ادائیگیوں میں رکاوٹ اور دیگر مالیاتی خدمات متاثر ہونے کی شکایات سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ کئی صارفین نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ اتنے بڑے تعطل کے باوجود کمپنی کی جانب سے وضاحت کافی تاخیر سے سامنے آئی۔
پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز میں شمار ہونے والے ایزی پیسہ کے رجسٹرڈ اکاؤنٹس کی تعداد تقریباً 5 کروڑ 90 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ ایسے میں سروسز میں تعطل نے بڑی تعداد میں صارفین کو متاثر کیا اور سوشل میڈیا پر #EasypaisaOutage ٹاپک زیر بحث رہا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر افسوس ہے اور جلد از جلد تمام سروسز معمول کے مطابق بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ماہرین کے مطابق ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز پر بڑھتے ہوئے انحصار کے باعث کسی بھی طویل تکنیکی خرابی کے اثرات لاکھوں صارفین اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑ سکتے ہیں، اسی لیے بروقت معلومات کی فراہمی اور متبادل انتظامات انتہائی اہم ہوتے ہیں۔

