Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا

مظفرآباد(نیوز ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رجسٹریشن درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فیصلہ مالیاتی امور اور اکاؤنٹس میں بے ضابطگیوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف متعلقہ قوانین کے تحت مقرر کردہ رول 121 کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث رجسٹریشن کی منظوری نہیں دی جا سکی۔ مزید کہا گیا کہ آڈٹ افسر کی دوبارہ رپورٹ میں بھی رول 121 کی خلاف ورزی برقرار پائی گئی، جس نے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کارروائی کے دوران تحریک انصاف کے نمائندوں اور قانونی ٹیم کو مکمل مؤقف پیش کرنے اور سماعت کا مناسب موقع فراہم کیا گیا۔ تاہم پیش کیے گئے دلائل اور دستاویزات کے باوجود رجسٹریشن کیلئے درکار شرائط پوری نہ ہونے پر درخواست مسترد کر دی گئی۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آزاد کشمیر کی سیاست پر اثر ڈال سکتا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب مختلف سیاسی جماعتیں اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے تاحال اس فیصلے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پارٹی قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر سکتی ہے۔

مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا ؟

یہ بھی پڑھیں