Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

آج سےبارشوں کا امکان، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

اسلام آباد: بارشوں کا امکان کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق 6 سے 10 جولائی کے دوران کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج 6 جولائی سے آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ 7 سے 10 جولائی کے دوران دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادارے نے بتایا کہ 7 جولائی کو اسلام آباد، پوٹھوہار، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور شمالی بلوچستان میں بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع بارشوں کے باعث تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی آمد میں معمولی اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج میں بھی پانی کے بہاؤ میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ فی الحال بڑے پیمانے پر دریائی سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں، تاہم پہاڑی ندی نالوں اور چھوٹے برساتی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جس سے مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران شہری علاقوں اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی خطرہ موجود ہے۔

ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور کمزور انفراسٹرکچر کے قریب جانے سے احتیاط برتیں اور صرف مستند ذرائع سے جاری ہونے والی موسمی معلومات پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں