گلگت( نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کر دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی، شہبازشریف نے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، وفاق اور گلگت بلتستان حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں گے، انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے فنڈ کا اعلان کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیرمواصلات فوری طور پر انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے اقدامات کریں، ان تمام مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سےمتاثرہ ملکوں میں سرفہرست ہے، کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں تیزبارشیں اور طغیانی آئی، جاں بحق افراد کے بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ ارکان کے ساتھ گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد سے اظہار ہمدردی کے لیے آیا ہوں، بارشوں اور سیلاب سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا، ایڈوانس وارننگ سسٹم وقت کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگست کےآخرتک دوبارہ گلگت کا دورہ کروں گا، جب تک آپ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے میں آتا رہوں گا، 100 میگاواٹ کا سولرسسٹم منصوبہ رواں مالی سال مکمل ہو جائے گا۔ آئندہ دورے میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے، سکردو میں بھی دانش سکول قائم کیا جائےگا، نوجوانوں پر سرمایہ کاری کل کا مستقبل محفوظ کرنے کے مترادف ہے۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبرخان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف گلگت بلتستان کے عوام کا درد سمجھتے ہیں، گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے بہت نقصان ہوا، گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی تعمیر ضروری ہے۔
مزید پڑھٰیں:لائیو نشریات میں سرپرائز پروپوزل: ہرشیت ٹومر نے کرشمہ کوٹک سے شادی کی پیشکش کر دی
