Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

وفاقی حکومت نے توشہ خانہ سے متعلق مزید ریکارڈ جاری کر دیا

اسلام آباد(رضوان عباسی )وفاقی حکومت نے توشہ خانہ سے متعلق مزید ریکارڈ جاری کر دیا۔ کابینہ ڈویژن نے جنوری سے مارچ 2026 کی سہ ماہی کے دوران موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مختلف غیر ملکی شخصیات اور وفود کی جانب سے تحائف موصول ہوئے۔ فہرست میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیئرمین سینیٹ کے نام بھی شامل ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق فرسٹ لیڈی آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری بھی تحائف وصول کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ اسی طرح وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کو بھی تحائف ملے۔

فہرست میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے ترجمان برائے فارن میڈیا مشرف علی زیدی کے نام بھی شامل ہیں۔ مزید برآں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو بھی تحائف موصول ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور معاون خصوصی ہارون اختر خان کے نام بھی فہرست کا حصہ ہیں۔ صدر مملکت کے ملٹری سیکریٹری، پی ایس او، ترجمان، چیف سیکریٹری آفیسر اور اے ڈی سی ایئر کے نام بھی ریکارڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

اسی طرح وزیراعظم کے ملٹری سیکریٹری میجر جنرل تجدید ممتاز، پی ایس او انس اقبال گورائیہ، ذاتی معالج لیفٹیننٹ کرنل زوہیب اعوان اور پولیٹیکل سیکریٹری مراد خان بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا، ایم ڈی او پی ایف اور سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم سمیت دیگر حکام کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کے دوران موصول ہونے والے تحائف میں گھڑیاں، جیولری سیٹس، پینٹنگز، شیلڈز اور ٹی سیٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ٹائی، ڈیکوریشن پیسز، تلوار، ہار، کتابیں، موبائل فون، ٹی شرٹس اور روایتی لباس سمیت دیگر تحائف بھی موصول ہوئے۔

دستاویزات کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران تمام وصول کنندگان نے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے ہیں جبکہ کابینہ ڈویژن ان تحائف کی مالیت کا تخمینہ لگانے کے عمل میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شہباز حکومت 2002 سے دسمبر 2025 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ بھی عوام کے سامنے لا چکی ہے جبکہ 1997 سے 2001 تک کے عرصے کی تفصیلات بھی جاری کی جا چکی ہیں۔

مزید پڑھیں۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی

یہ بھی پڑھیں