اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دنیا کی دوسری بڑی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پانڈا بانڈ کا اجراء پاکستان اور چین کے مالیاتی تعاون کا نیا باب ہے، پاکستان کو پہلی بار چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل ہوئی ہے۔پانڈا بانڈ کا اجراء پاکستان کی معاشی ساکھ پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے، جس سے پاکستان اور چین کے مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
پاکستان اور چین کے درمیان ایک چوتھائی تجارت آر ایم بی اور یوآن میں ہو رہی ہے، پانڈا بانڈ کا اجراء آر ایم بی کی عالمی سطح پر پذیرائی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔
نجی چینل کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سی پیک فیز ٹو میں کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے، پاکستان اور چین کی اقتصادی ترجیحات ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔حکومت معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
وزیرِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتِ حال کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا۔
مزید پڑھیں۔حکومتِ بلوچستان کا اسٹیٹ لائف انشورنس بارے اہم اقدام سامنے آگیا




